ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / یوپی الیکشن:دوسری پارٹیوں میں بڑے غنڈے موجود:مایاوتی

یوپی الیکشن:دوسری پارٹیوں میں بڑے غنڈے موجود:مایاوتی

Fri, 27 Jan 2017 22:40:45    S.O. News Service

لکھنؤ،27/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مختار انصاری کی پارٹی قومی ایکتا دل کا جمعرات کو بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)میں انضمام ہو گیا۔مختار انصاری کا نام ایک وقت قتل اور اغوا سمیت 40سے زائد فوجداری مقدمات میں شامل تھا۔وہ فی الحال لکھنؤ کی جیل میں بند ہیں۔بی ایس پی نے مختار انصاری کو مؤ سیٹ سے، مختار کے بیٹے عباس انصاری کو گھوسی سے اور ان کے بھائی صبغت اللہ انصاری کو محمد آبا د یوسف پور  سیٹ سے پارٹی امیدوار قرار دیا ہے۔مایاوتی نے کہا کہ انصاری خاندان کے خلاف کسی کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے، اسی لیے ان کی پارٹی کا بی ایس پی میں انضمام کیا گیا ہے۔مایاوتی نے مختار انصاری کی مجرمانہ شبیہ پر مخالفین کے حملہ پر جوابی حملہ بولتے ہوئے کہا کہ دوسری پارٹیوں میں ان سے بھی بڑے غنڈے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی حریفوں نے شبیہ  خراب کرنے کے لیے اس خاندان کے لوگوں کو فرضی مقدموں میں پھنسایا ہے۔انہوں نے کہا کہ انصاری برادران پہلے بھی بی ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ چکے ہیں، لیکن سماج وادی پارٹی کے دباؤ میں انہوں نے یہ پارٹی چھوڑ دی تھی۔مایاوتی نے جیل میں بند ممبر اسمبلی مختار انصاری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام بی جے پی ممبر اسمبلی کرشنا نند رائے قتل معاملہ میں آیا تھا، جس کی سی بی آئی جانچ ہو رہی ہے۔اس معاملے میں سی بی آئی کے پاس ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال مختارانصاری کی پارٹی کے ایس پی میں انضمام سے حکمران ایس پی میں اختلاف ابھر کرسامنے آیا تھا۔پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو نے انصاری کی پارٹی کے ایس پی میں انضمام کی منظوری دی تھی جبکہ ملائم کے بیٹے اور وزیر اعلی اکھلیش یادو نے اس فیصلہ کی سخت مخالفت کی تھی۔انصاری کی ریاست کے مشرقی حصے میں بنکروں کے درمیان مضبوط سیاسی گرفت ہے۔مایاوتی کے اس قدم کو مسلم ووٹوں کے کانگریس -ایس پی اتحاد کے ساتھ جانے کو روکنے کی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات سات مراحل میں 4/فروری سے 8/مارچ تک ہونے ہیں اور نتائج کا اعلان 11/مارچ کو کیا جائے گا۔
 


Share: